29/07/2026
حج 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں عازمین حج کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کی درخواست پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر کے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ حج 2027 کے خواہش مند عازمین کرام کے پاسپورٹ کی تجدید اور اجرا کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔
جاری ہدایات کے مطابق ایسے درخواست گزار جن کے پاسپورٹ کی میعاد 16 نومبر 2027 سے قبل ختم ہو رہی ہے، انہیں فوری بنیادوں پر پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ حج رجسٹریشن اور آئندہ مراحل بروقت مکمل کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر کے باعث کسی بھی شہری کو حج 2027 کے عمل سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔