05/09/2026
#سکردو:
آج بروز ہفتہ ۰۵ ستمبر ۲۰۲۶ کو کاؤنٹر نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان اور سوشیو اکنامک اینڈ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SEEDO) کے باہمی تعاون سے انسداد تمباکو نوشی کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار سکردو میں منعقد ہوا۔
سیمینار میں سکردو شہر کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹرز، ماہرینِ نفسیات، ماہرینِ تعلیم، ممبران نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان جی بی چیپٹر، سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلاء، طلباء اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بلتستان ریجن کے افسران شامل تھے۔
سیمینار کے دوران مقررین نے تمباکو نوشی کے انسانی صحت، نوجوان نسل اور معاشرے پر مرتب ہونے والے مضر اثرات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان، سید یاسر حسین نے انسدادِ تمباکو نوشی سے متعلق قوانین اور ان کے مؤثر نفاذ کے حوالے سے شرکاء کو اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمباکو نوشی اور منشیات کے استعمال کے تدارک کے لیے قانون کے مؤثر نفاذ کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی بھی انتہائی ضروری ہے۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی اور منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے بلتستان ریجن کو تمباکو نوشی اور منشیات سے پاک معاشرہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
Excise & Taxation, Zakat & Usher, Cooperatives and Transport Department GB
Counter Narcotics Directorate Gilgit-Baltistan